جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رات گئے نیب میں پیشی سے ایک بار پھر معذرت کر لی۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری گزشتہ پیشی پر بھی مصروفیت کے باعث نہیں آسکے تھے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم آصف زرداری کی عدم پیشی کے بارے میں آج فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ نیب نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں آج الگ الگ طلب کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری پارک لین کمپنی جبکہ سابق صدر آصف زرداری سندھ حکومت کے غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس میں نیب راولپنڈی کی تشکیل کردہ کمبائن انویسٹی گیشنز ٹیم کے سامنے پیش ہونا ہے۔
نیب کی ٹیم پارک لین کمپنی کیس میں بلاول بھٹو کا بیان ریکارڈ کرے گی جبکہ آصف علی زرداری سے سندھ حکومت کی طرف سے دیے گئے غیر قانونی ٹھیکوں میں خورد برد اور اہل خانہ کے ائیر ٹکٹس، نجی طیاروں کے اخراجات اور نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات کے بارے میں پوچھ گچھ ہونی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد انتظامیہ نے جیالوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
دیگر شہروں سے آنے والے پی پی کارکنوں کو روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے اسلام آباد میں داخلے سے حالات خراب ہو سکتے ہیں۔