• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، افتتاحی تقریب میں سرفراز نے دل کیسے جیتے؟

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی لباس شلوار قمیض زیب تن کر کےتقریب میں شرکت کی جس نےکروڑوں پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔

ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کا انعقادبکنگھم پیلس میں ہوا جس میں ملکہ الزبتھ دوئم اور شہزادہ ہیری نے شرکت کی۔

برطانوی شاہی محل میں ہونے والی تقریب میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی،پہلے شہزادہ ہیری نے تمام کپتانوں سے ملاقات کی۔اس کے بعد ملکہ الزبتھ نے ہر کپتان سے ہاتھ ملایا۔

ملاقات کے دوران ملکہ الزبتھ نے تمام کپتانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور میگا ایونٹ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

بکھنگم پیلس میں منعقدہ تقریب میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دوسرے کپتانوں کے بر عکس پینٹ کوٹ کے بجائے اپنا قومی لباس شلوار قمیض اور سبز کوٹ زیب تن کیا۔

کپتان سرفراز احمد کے اس منفرد انداز نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لئے۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی تصویر وائرل ہو چکی ہے جس پر ہر پاکستانی مسرت کا اظہار کر رہا ہے۔

معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کپتان سرفراز احمد کی عزت افزائی کرتےہوئے لکھا کہ ورلڈ کپ جیتو یا ہارو پرکپتان نے قومی لباس پہن کر ہم سب کے دل جیت لئے۔

کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر ہوتے ہیں جو اپنے اٹھنے بیٹھنے اور آداب گفتگو سے اپنے ملک کی تہذیب کی عکاسی کر رہے ہوتے ہیں۔ایسے اہم موقع پر شلوار قمیص پہننے کو ترجیح دے کر سرفراز احمد نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ محب وطن پاکستانی ہیں۔

واضح رہےآج سے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز ہورہا ہے جس کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کے دوران 10 ٹیموں کے مابین 48 مقابلے ہوں گے۔

کرکٹ میلے کا پہلا میچ آج انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنے پہلے مقابلے میں جمعے (31 جولائی) کو ویسٹ انڈیز کے مدمقابل ہو گا۔

تازہ ترین