• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمن ڈاکٹر نے آن لائن گیم کے دوران محبت کے بعد پاکستانی شخص سے شادی کر لی

فوٹو — سوشل میڈیا
فوٹو — سوشل میڈیا

منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ پاکستانی لڑکے کی محبت 26 سالہ جرمن ڈاکٹر کو پاکستان کھینچ لائی۔

تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے گاؤں دیفر سے تعلق رکھنے والے محمد اکمل کی آن لائن گیم روبلوکس کے ذریعے جرمن ڈاکٹر سیلما سے ملاقات ہوئی۔

ڈاکٹر سیلما کے پاس جرمنی اور بوسنیا کی دوہری شہریت ہے اور اب وہ محمد اکمل کے ساتھ پاکستان میں اپنی زندگی گزارنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

محمد اکمل نے ایک ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری بات چیت آن لائن گیم روبلوکس کھیلتے ہوئے شروع ہوئی جس کے بعد ہم تقریباً 5 ماہ تک ایک دوسرے سے رابطے میں رہے اور پھر سیلما نے پاکستان آکر مجھ سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے سیلما کو پہلے دن ہی پرپوز کر دیا تھا پہلے یہ  پاکستان آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تھوڑی ہچکچاہٹ کا شکار تھی مگر پھر راضی ہوگئیں۔

محمد اکمل نے بتایا کہ فیملی کو اس شادی پر کوئی اعتراض نہیں تھا بلکہ ہمیں بھرپور تعاون حاصل تھا، سفر اور شادی کی تقریب پر تقریباً 37 لاکھ 62 ہزار 286 روپےخرچ ہوئے۔

سیلما نے پاکستان میں دیہی زندگی سے ہم آہنگ ہونے کا اپنا ابتدائی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب میں پاکستان آئی اور گاؤں کی زندگی اور روزمرہ کے کام دیکھ کر پہلے تو حیران رہ گئی لیکن میں اپنے شوہر کے ساتھ رہ کر خوش ہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ یہاں گاؤں کے کام جیسے کہ کپڑے دھونا، برتن دھونا اور روٹی بنانا ایک نیا تجربہ تھا۔ اگرچہ ابتدائی چند دنوں میں یہ مشکل محسوس ہوا لیکن میں نے آہستہ آہستہ سیکھ لیا۔

سیلما نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اپنے نئی فیملی کے ساتھ بہتر انداز میں گفتگو کرنے کے لیے پنجابی اور اردو سیکھ رہی ہیں۔

اس خوبصورت محبت کی داستان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین جوڑے کی سادگی، خلوص اور محبت کی تعریفیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ 

خاص رپورٹ سے مزید