• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاک کا امریکی پابندیوں سے بچنے کیلئے جوائنٹ وینچر معاہدہ

معروف ویڈیو ایپلیکیشن ٹک ٹاک کے چینی مالک بائٹ ڈانس نے امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے امریکا کے ساتھ نئی جوائنٹ وینچر ڈیل کرلی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ امریکی اکثریتی جوائنٹ وینچر کے بعد ٹک ٹاک امریکی صارفین کے ڈیٹا، ایپس اور الگورتھم کو ڈیٹا پرائیویسی اور سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے محفوظ کرے گا۔

اس معاہدے کے تحت امریکی اور بین الاقوامی سرمایہ کار نئی کمپنی میں 80.1 فیصد شیئرز کے مالک ہوں گے جبکہ بائٹ ڈانس 19.9 فیصد شیئرز برقرار رکھے گا۔ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک کے امریکا کے ساتھ جوائنٹ وینچر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ٹک ٹاک کو بچانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب یہ دنیا کے سب سے بڑے عظیم امریکی محب وطنوں اور سرمایہ کاروں کے گروپ کی ملکیت میں ہوگا اور ایک اہم آواز بنے گا۔ خواہش ہے کہ مستقبل میں وہ لوگ جو ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں اور اسے پسند کرتے ہیں، مجھے یاد رکھیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے ساتھ کام کیا اور بالآخر اس معاہدے کی منظوری دی۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چینی صدر کچھ اور فیصلہ کر سکتے تھے، مگر انہوں نے نہیں کیا اور اس فیصلے کے لیے ان کی قدر کی جاتی ہے۔ 

اس معاہدے میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی بڑی کمپنی اوریکل، پرائیویٹ ایکویٹی گروپ سلور لیک اور ابوظبی کی ایم جی ایکس شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید