• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ نے خاموشی سے ڈائریکٹر کمرشل کا تقرر کردیا ہے۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائیلہ بھٹی اور پھر جنرل منیجر صہیب شیخ کے استعفے کے بعد بورڈ نے نیا عہدہ مشتہر کیا تھا۔

پی سی بی چیف احسان مانی اپنی انتظامی ٹیم لانے کے لئے مسلسل تقرریاں کررہے ہیں۔ نئے ڈائریکٹر کمرشل ایک پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور کرکٹ حلقوں میں نئے نہیں ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید یکم جون کو عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔جمعرات کی شب پی سی بی نے معمول کے اعلامئے کے تحت تعیناتی کا اعلان نہیں کیا ۔پی سی بی نے ویب سائٹ پر تعیناتی کا خاموشی سے اعلان کر دیا۔

بابر حمید پی ایس ایل کی ایک فرنچائز اسلام آباد کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں۔ ان کا اپنا ذاتی کاروبار بھی ہے۔ کرکٹ کے حلقوں نے فرنچائز سے وابستگی اور کاروبار کو مفاد سے متصادم قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تنقید سے بچنے کے لئیے بورڈ نے پریس ریلیز جاری نہیں کی ۔ پی سی بی کا دعوٰی ہے کہ تعیناتی کی خبر میڈیا میں آچکی تھی اس لئیے ریلیز جاری نہیں کی گئی ۔

کسی فرنچائز کے ساتھ ماضی میں کام کرنا مفاد سے متصادم نہیں ۔ایک جگہ سے دوسری جگہ ملازمت اختیار کرنا اور کاروبار کرنا معمول کی بات ہے۔یہ عہدہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ کی جگہ متعارف کرایا گیا ہے۔

تازہ ترین