• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برامپٹن: پاکستانی و مسلم ووٹرز کی دلی شکر گزار ہوں، بھارتی نژاد نو منتخب رکن پارلیمنٹ روبی سہوتا


کینیڈین صوبے انٹاریو میں سکھ اور پاکستانی آبادی کے علاقے برامپٹن سے مسلسل چوتھی مرتبہ منتخب ہونے والی کینیڈین پارلیمنٹ کی رکن بھارتی نژاد خاتون روبی سہوتا نے اپنی کامیابی پر پاکستان اور مسلم کمیونٹی کے پرجوش تعاون اور حمایت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد اور مسلم ووٹرز نے جس طرح دل کھول کر ان کی حمایت کرکے ایک سخت مقابلے میں جیت دلوائی ہے وہ اس پر ان کی انتہائی شکرگزار ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق اس انتہائی سخت انتخابی مقابلے میں محض تقریباً 550 ووٹوں کی اکثریت اور نتائج کیلئے کئی گھنٹے کی تاخیر اور سسپنس کے بعد الیکشن جیتے والی خاتون روبی سہوتا نے نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پنجابی، اردو اور انگلش زبانوں سے جڑے لفظوں میں کہا کہ وہ اپنے حلقۂ انتخاب میں لبرل پارٹی کے صدر پاکستانی نژاد خالد علوی کی سرپرستی اور تعاون کی بھی بے حد مشکور ہیں جنہوں نے حلقے کے مسلمان اور پاکستانی ووٹرز سے میرا مؤثر رابطہ کروایا اور حمایت دلوائی۔

اسکرین گریب/ جنگ فوٹو
اسکرین گریب/ جنگ فوٹو

روبی سہوتا نے اپنے حریف امیدوار کے 21,809 ووٹوں کے مقابلے میں 22,346 ووٹ حاصل کیے، صرف 537 ووٹوں کی اکثریت اور خاصی تاخیر سے کامیابی کا اعلان سن کر جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی مسلسل تین مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوتی چلی آرہی ہیں اور وزارت کے منصب پر بھی کام کر چکی ہیں لیکن اس مرتبہ حلقے کے انتہائی سخت مقابلے کی صورت میں پیدا ہوئی اور وہ مسلمان اور پاکستانی ووٹرز کی دلی طور پر شکر گزار ہیں کہ ان کی ٹھوس حمایت نے مجھے یہ کامیابی میرے انتخابی حلقے کے پاکستانی نژاد صدر خالد علوی اور مسلم ووٹرز کی حمایت ملی ہے۔

ادھر برامٹن کے اس انتخابی حلقے میں لبرل پارٹی کے صدر پاکستانی نژاد خالد علوی نے جنگ / جیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ لبرل پارٹی کے گزشتہ 23 سال سے رکن اور پھر عہدیدار چلے آرہے ہیں تاہم اس مرتبہ مقابلہ واقعی غیر یقینی اور سخت تھا مگر سخت محنت سے ہم نے یہ کامیابی حاصل کر لی ہے۔

خالد علوی نے اپنے پاکستانی ہونے اور امیدوار روبی سہوتا کے بھارتی نژاد ہونے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب ہم کینیڈا میں رہتے ہیں اور کینیڈا کی سیاست کے تقاضوں اور ماحول کے مطابق کام کرتے ہیں اور اس ملٹی کلچر اور دنیا کی مختلف نسلوں مذاہب اور رنگ کے انسانی معاشرے میں زندگی گزار چکے ہیں اور مل جل کر مشترکہ مقاصد کے لیے کام کرتے ہیں۔

اسکرین گریب/ جنگ فوٹو
اسکرین گریب/ جنگ فوٹو

 چوتھی مرتبہ مسلسل الیکشن جیت کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والی بھارتی نژاد خاتون روبی سہوتا نے اپنی کامیابی کے اعلان کے بعد جنگ/ جیو کو خصوصی انٹرویو دیا اور پھر وہ ہال میں منتظر اپنے حامیوں میں آئیں جہاں ان کے سکھ اور پاکستانی حامیوں نے ان کو گھیرے میں لے کر بھنگڑے ڈالے۔

انہوں نے اپنے بچوں کو اسٹیج پر لا کر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کی خدمت کرنے کا وعدہ دھرایا اور پھر رات گئے تک جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید