• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ، ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی میڈیا بریفنگ

برطانیہ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح انکت لّو نے ہائی کمیشن پر پتھر پھینک کر شیشے توڑے۔

لندن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مذکورہ شخص نے پاکستان کے ہائی کمیشن کے احاطے پر حملہ کیا، انکت نے عمارت کی بیرونی دیوار پر پتھر پھینکے اورکئی کھڑکیوں کو توڑ دیا اور ہائی کمیشن کے نام کی تختی اور مرکزی دیوار پر زعفرانی رنگ کے داغ چھوڑ دیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آن ڈیوٹی عملے نے فوری طور پر میٹرو پولیٹن پولیس کو اطلاع دی جو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعے کے فوراً بعد ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ حملہ جمعہ 25 اپریل 2025ء کو ہائی کمیشن کے باہر پرتشدد اور بے ہنگم احتجاج کے تناظر میں ہوا، جس میں برطانوی ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان شامل تھے، جو پاکستان مخالف اور مسلم مخالف نعرے لگا رہے تھے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے یہ بھی کہا کہ کئی مظاہرین کچھ زعفرانی لباس پہنے ہوئے ہیں، جو عام طور پر ہندوتوا کے انتہا پسند گروپوں سے وابستہ ہیں اور ہندوستانی پرچم لہراتے جو انتہائی معاندانہ رویے میں مصروف ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہائی کمیشن کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ میٹروپولیٹن پولیس افسران پر نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک گالیاں دیں، جس کے نتیجے میں برطانوی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ جھگڑے کے بعد گرفتاریاں ہوئیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ انکت کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کےلیے ہم میٹروپولیٹن پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں کیونکہ حکام کی جانب سے ابھی تک اس کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نےکہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ برطانوی قانون نافذ کرنے والے ادارے متعلقہ برطانوی قوانین کے مطابق انکت کے ساتھ ساتھ جمعے کے روز حراست میں لیے گئے بدمعاش مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ انہوں نے کیا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ جہاں پاکستان کے ہائی کمیشن یا برطانیہ میں ہمارے قونصل خانے پر حملہ ہوا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے برطانیہ کے حکام سے اپنی درخواست کا اعادہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات میں اضافہ کریں، تاکہ ہمارے سفارتی مشنز کی حفاظت، سالمیت اور ہمارے سفارتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ توقع ہے کہ حکومت برطانیہ پاکستان ہائی کمیشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی، حکومت برطانیہ پر منحصر ہے کہ وہ اس معاملے سے کس طرح نمٹتی ہے۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ مختلف ممالک میں ہوئی وارداتوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، اگر ہمیں ہدف بنایا گیا تو ہم مناسب جواب دیں گے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیشہ اپنی کمیونٹی کو تاکید کی ہے کہ وہ پرامن احتجاج کریں اور ان کے مثبت رویہ پر فخر ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید