راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں انصاف کارڈز کی تقسیم شروع ہو گئی۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انصاف کارڈ سکیم کا افتتاح کیا۔ ضلع راولپنڈی کے 2لاکھ ستاون ہزار مستحق خاندانوں کو 7لاکھ بیس ہزار روپے مالیت تک سالانہ علاج کی سہولت والے کارڈز جاری کئے جا رہے ہیں جس سے ابتدائی طور پر تیرہ لاکھ افراد اپنا علاج کروا سکیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آئندہ سال کے شروع تک پنجاب کے 36اضلاع کے 72لاکھ مستحق خاندانوں کو صحت سہولت کارڈز فراہم کر دیئے جائیں گے۔ سہولت کارڈ کے ذریعے کسی بھی نجی یا سرکاری ہسپتال میں جا کر عوام اپنا علاج کروا سکتے ہیں اور علاج کے بعد تمام ادویات بھی مہیا کی جائینگی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آئیگی۔ ہمارا ملک وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔