• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی بنیاد سیاسی سماجی مقاصد کے بجائے کلمہ طیبہ پر رکھی گئی، فضیل ایاز

والسال (ابرار مغل) دربار عالیہ وائس موہڑہ شریف کے سجادہ نشین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن اور اتحاد المشائخ پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل ایاز قاسمی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں جہاں مالک حقیقی نے اپنی کتاب قران پاک نازل فرمائی اسی مقدس ماہ میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے اسلامی مملکت بھی عطا کی ہے۔ پاکستان کی بنیاد محض سیاسی یا سماجی مقاصد کے لئے نہیں بلکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر رکھی گئی تھی، تاکہ برصغیر کے مسلمان دین اسلام کے مطابق اپنی زندگیاں گزار کر پوری امت مسلمہ کی رہبری و رہنمائی کرسکیں۔ ہمیں بانیان پاکستان کے نقش قدم پر چل کر مملکت پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہوگا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور چاروں اطراف کی ملکی سرحدوں کی نگہبانی کے لئے مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوکر محب الوطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کی27ویں شب قیام پاکستان کے حوالے سے جامع مسجد حمزہ والسال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نہ صرف اندرونی بلکہ بیرونی دہشت گردی سے نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایسا مضبوط قلعہ ہے جس کے ہوتے ہوئے اغیار کسی بھی اسلامی ملک پر حملہ نہیں کرسکتے ہیں۔ واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں بھی ہورہی ہیں لیکن ہم نے ملکی نظریاتی سرحدوں کے پاسبان بن کر ان سازشوں کے قلع قمع کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر پیر شہزاد فضیل فیاض قاسمی نے کہا کہ دین اسلام امن و محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا علمبردار ہے۔ ہمیں اسلام کے زریں اصولوں اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا میں اسلامی انقلاب لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بہترین مسلمان اور مومن بن کر دین اسلام غیر مسلموں تک پہنچانا ہوگا، کیونکہ تبلیغ اسلام کا سب سے بہترین اور عمدہ ذریعہ بھی یہی ہے کہ عملی نمونہ بن کر دعوت اسلام دی جائے۔ جبکہ اس موقع پر انہوں نے قاسمیہ زاہدیہ ٹرسٹ پاکستان کے زیراہتمام مختلف رفاعی اور سماجی منصوبوں کے بارے میں بھی شرکا کو بتایا۔
تازہ ترین