راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیری سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی کے علاقے نسواری بازار میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی دودھ بنانے والوں کو ایکسپائر خشک دودھ فراہم کرنے کا مکروہ دھندہ بے نقاب کر دیا ۔ غیر ملکی خشک دودھ کی پیکنگ تبدیل کر کے جعلی دودھ بنانے والوں کو بیچنے والا یونٹ پکڑا گیا ۔ خشک دودھ میں مختلف کیمیکل اور بناسپتی گھی ڈال کر دودھ تیار کیا جاتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ یونٹ میں ایکسپائر بھارتی اور ایرانی خشک دودھ کی تاریخیں بدل کر دوبارہ پیکنگ کی جارہی تھی۔ برآمدشدہ10 من کے قریب خشک دودھ پائوڈر ہزاروں لٹر جعلی دودھ کی تیاری میں استعمال ہونا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مس برانڈڈ اور غلط لیبلنگ سے پیک شدہ 400 کلو گرام پائوڈر ضبط کر کے تلف کر دیا ۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ایکسپائر پائوڈر سے تیارکردہ دودھ گردوں کے فیل ہونے، کینسر اور دیگر بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق درآمدی اشیاء کی کم سے کم آدھی مدت کا باقی ہونا لازم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ درآمدی اشیائے خورونوش پر مکمل اردو لیبل بشمول ایکسپائری ڈیٹ لکھنا لازم ہے۔ صوبہ بھر میں فروخت ہونے والی درآمدی اشیاء کی سیمپلنگ اور رجسٹریشن کروانا لازم ہے۔ کسی بھی سطح پر خوراک صرف قوانین کے مطابق ہی فروخت کی جا سکتی ہے۔