• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمان صغیر

’’خاتون خانہ ‘‘جس کے کندھوں پر کام کا بوجھ لدا ہوتا ہے ،جس پر ذمے داریاں ہی ذمے داریاں ہوتی ہیں ۔ پورے گھر اور خاندان کی صحت، کھانے پینے، پہننے اوڑھنے سے لے کر گھرکے ہر فرد کی چھوٹی چھوٹی ضروریات کا خیال رکھنا اُسی کی تو ذمے داری ہے۔ مگر وہ اپنے آپ سے بے پروا ہوتی ہے، جس کی وجہ سے عموماً اُسے صحت کے بنیادی مسائل لاحق ہوجاتےہیں۔ جب وہ اپنے کام احسن طریقے سے نہیں کر پاتی توپورے گھر کا نظم و نسق بری طرح متاثر ہوجاتا ہے ۔ اُسےچاہیے کہ وہ اپنے آپ پر بھی توجہ دے ،اپنے لئے بھی وقت نکالے۔ یہاں ہم صرف چند باتیں آپ کے گوش گزار کر رہے ہیں ،ان پر عمل کر کے چاق چوبند رہیں ،پھر چاہے جتنے کام کریں ،تھکن کا احساس ہوگا نہ اپنے آپ سےبے زار ہوں گی ۔

٭ کہتے ہیں کہ ہم وہی ہوتے اور نظر آتے ہیں جو ہم کھاتے ہیں اور صحت مند رہنے کے لیے یقیناً صحت بخش غذا کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ دودھ ، شہد، میوہ جات، تازہ پھل ، سبزیاں اور مناسب مقدار میں سرخ اور سفید گوشت، ایسے بنیادی غذائی اجزاء ہیں جن کا استعمال بےحد ضروری ہے۔ وٹامن ای پر مشتمل غذائیں جلد کو پررونق رکھنے میں معاون ہوتی ہیں۔ آئرن اور زنک پر مشتمل غذائیں چست و توانا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

٭ ورزش کی اہمیت سے بھلا کون انکار کرسکتا ہے۔ اگر آپ باقاعدہ ورزش نہیں کرسکتیں تو چہل قدمی کرلیں، رسی کودلیں یا سائیکل چلالیں۔یہ مشقیں آپ کو فٹ رکھنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ اس کے علاوہ دماغی کارکردگی بڑھانے اور تھکن اتارنے کے لیے کام کے دوران گہری سانس لیں۔

٭ پانی رب کریم کی نعمت ہے۔ نہا رمنہ ایک گلاس سادہ پانی پینے سے جسم کی اندرونی صفائی ہوجاتی ہے۔ روزانہ عسل کرنا ہشاش بشاش رکھتاہے۔ دن میں کئی بار پانی پینے کے ساتھ چہرے پر پانی کے چھینٹے ماریں ،ایسا کرنے سے تازگی کا احساس ہوگا یاد رکھیں کہ پانی زندگی کا ضامن ہے۔

٭ اپنے آپ کو مشین نہ بنائیں۔ کام کے ساتھ آرام کرنےاور سونےکے اوقات بھی ضرور مقرر کریں ،تاکہ جب آپ سو کر اُٹھیں توتازہ دم ہوں۔اپنے آپ کو پرسکون رکھنے کی کوشش کریں۔ کوئی مشغلہ ضرور اپنائیں۔ فالتو اوقات میں اس سے دل بہلائیں۔

٭ 40 سال سے زائد عمر کی خواتین باقاعدگی سے اپنا میڈیکل چیک آپ کرائیں۔ معمولی بیماری کو بھی نظر انداز نہ کریں۔مکمل علاج کریں اور اپنے معالج سے رابطے میں رہیں۔

٭ یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ اگر آپ اپنا خیال نہیں رکھیں گی۔ تو کوئی دوسرابھی نہیں رکھے گا۔

تازہ ترین