وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس تھری اسکیم کو اگلے تین سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایس تھری اسکیم پر اہم اجلاس ہوا، جس میںوزیر بلدیات سعید غنی، چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ، چیئرپرسن پی اینڈ ڈی ناہید شاہ، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ، سیکریٹری خالد حیدر شاہ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اسکیم 400 ایم جی ڈی کے ذریعے سیوریج واٹر کو ٹریٹ کرکے سمندر میں بہایا جائے گا، اس اسکیم کی کل مالیت 36 بلین روپے کی ہے،اس وقت تک اس اسکیم پر 10 ارب روپے کے قریب خرچ ہوچکے ہیں، اب بھی اس اسکیم کو مکمل کرنے کے لئے 26 ارب روپے درکار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت نے اس اسکیم کو اپنی پی ایس ڈی پی سے ختم کردیا ہے، ہم اس اسکیم کو خود ہی مکمل کرلیں گے، ہم کہیں سے بھی فنڈز کا انتظام کرکے کراچی شہر کی بہتری کے لئے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے۔