لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سنٹرز کا قیام عظیم تحفہ ہوگا۔ابق حکومتوں کی طرح زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت بدلیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کیساتھ شعبہ صحت میں بھرپور تعاون کرینگے، ٹراما سنٹرزمیں جدید طبی آلات وسہولیات کے ساتھ مریضوں کامفت علاج معالجہ کیا جائیگا۔بہترین علاج معالجہ عوام الناس کا بنیادی حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال سکردو اور ٹراما سنٹر کے دورہ کے دوران کیا۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے ایمرجنسی، آئی سی یواورمختلف شعبہ جات میں جاکرمریضوں کی عیادت کی اورطبی سہولیات بارے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ایم ایس ڈی ایچ کیو سکردوودیگرڈاکٹرحضرات نے وزیرصحت پنجاب کاشانداراستقبال کیا۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاتحریک انصاف منشور کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کامعیار بین الاقوامی ہسپتالوں کے برابر لانے کیلئے پرعزم اورکوشاں ہے۔