پاکستان بھر میں مسلمان آج عید الفطر مذہبی عقیدت واحترام سے منا رہےہیں۔
کراچی،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں کا اپنے مرحومین کی قبر پرحاضری کے لئے قبرستانوں میں جانےکاسلسلہ بھی جاری ہے۔
عید الفطرکے موقع پر تمام شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،تفریحی مقامات پر بھی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سیکورٹی کے پیش نظر پولیس کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 35500 اہلکار اور افسران تعینات کئے گئے ہیں ۔
صدر اور وزیر اعظم نے عید الفطر پر قوم کو مبارکباد دی اور ملک وقوم کی ترقی کے لئے کام کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں آج کے دن عہد کرنا چاہیے کہ ہم باہمی ہمدردی اور رواداری کے ساتھ رہیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی کا سفر شروع کردیا، انشاءاللہ جلد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہو جائینگے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عوام کو پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کیساتھ عید کی مبارک باددی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیف سمیت بحری اور فضائی افواج کے سربراہان نے بھی پاکستانی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔