• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن داوڑ پر الزامات ہیں تو ان کا ٹرائل کیا جائے: کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ کہتے ہیں کہ پی ٹی ایم کے محسن داوڑ پر الزامات ہیں تو ٹرائل کیا جائے۔

قمر زمان کائرہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے محسن داوڑ کو ہیرو بنایا گیا اب ان پر غیر ملکی ایجنسیوں سے فنڈنگ کا الزام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غداریوں کے سرٹیفکیٹ بانٹنا مناسب بات نہیں، حکومت کو پہلے دن سے غیر مستحکم کرنا نہیں چاہتے تھے۔

قمر زمیان کائرہ کا مزید کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ قدم بڑھاؤ عمران خان ہم تمہارے ساتھ ہیں لیکن اس تعان کے ہاتھ کو یہ کہہ کر جھڑک دیا گیا کہ ہم کوئی این آر او یا کوئی رعایت مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کو حکومت ہٹانے اور ان کے خلاف تحریک چلانے کا کوئی شوق نہیں، حکومت ہر معاملے میں یو ٹرن لیتے ہوئے لوگوں کی زندگیوں میں تلخیاں نہ بھرے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت آج رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کا مزید ریمانڈ دینے کی سی ٹی ڈی کی استدعا مسترد کر دی۔

عدالت نے انہیں سیکیورٹی وجوہات پر سینٹرل جیل پشاور منتقل کرنے اور 19 جون کو دوبارہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

اس سے قبل محسن داوڑ کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ محسن داوڑ کے خلاف 26 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑ کمر میں فوج کی ایک چوکی پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔

اس مقدمے میں محسن داوڑ کے علاوہ جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور 7 دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔

بنوں کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 3 روز قبل رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے، انہیں بھی جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل پشاور بھیج دیا تھا۔

تازہ ترین