• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاک بحریہ کے سربراہ کا سمندروں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

سمندروں کے عالمی دن کے موقع پرپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 08 جون 2019کے دن ہم سمندروں کا عالمی دن مناتے ہیں جو کہ ہمارے سیارے کےلئے سمندروں کی اہمیت کا عکاس ہے۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ سمندر کرہٗ ارض پر زندگی کےلئے خوراک کا بنیادی وسیلہ ہیں۔ ہمارے لئے پھیپھڑوں کا کام دیتے ہیں اورزیادہ تر آکسیجن مہیا کرتے ہیں جس میں ہم سانس لیتے ہیں۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ سمندر گرین ہاؤس گیسز اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا مرکزی مجذوب ہیں۔پس زمین پر انسانوں کی سرگرمیاں یہاں نمو پانے والی زندگی کو براہِ راست متاثر کرتی ہیں۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے زیرنگرانی دنیا بھر میں سمندروں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد انسانی سرگرمیوں کے سمندر پر اثرات کے حوالے سے عالمی برادری کو روشناس کرانا اور سمندری وسائل کے دیرپا استعمال کےلئے مختلف وسیلوں کو تلاش کرنا ہے، جن سے ہم مستفید ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمندروں کا عالمی دن 2019کےلئے اقوام متحدہ نے "صنف اور سمندر" کے موضوع کا انتخاب کیا ہے۔

ظفر محمود عباسی نے کہا کہ یہ موضوع سمندرسے صنفی تعلق کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔خواتین افرادی قوت کا نصف حصہ ہیں، وہ سمندروں سے متعلق افرادی قوت کا صرف 2فیصد ہیں اور میرین سائنس سے مجموعی طور پر 38فیصدخواتین جڑُی ہوئی ہیں۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ خواتین مردوں کی اُجرت کا صرف 64فیصد کماتی ہیں اور فیصلہ سازی میں کم حیثیت کی حامل ہیں۔

سمندر وں کے عالمی دن کے منانے کا مقصد خواندگی کو بڑھانا اور سمندر سے جڑی سرگرمیوں جیساکہ میرین سائنیٹیفک ریسرچ،ماہی گیری، سمندر میں کام کاج اور فیصلہ سازی میں برابری کو فروغ دینا ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہسمندر کے عالمی دن کے موقع پر ہم ان چیلنجز کا اعتراف کرتے ہیں جو کہ ہمارے پانی کو گندہ کررہے ہیں، جن میں بحری آلودگی، بحری جانداروں کی صف کشی، بدلتا ہوا تشویش ناک موسم اور بحری جانداروں کی زندگی کو لاحق خطرات شامل ہیں۔

ان چیلنجز سے مئوثر انداز میں نمٹنے کےلئے خواتین کی شرکتِ کثیر کی ضرورت کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمندروں کے عالمی دن کی افادیت کو عیاں کرنے کےلئے پاک بحریہ بحری وسائل کے محفوظ اور دیرپا استعمال کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ہمارے نمایاں اقدامات میں ساحل کی صفائی ، بندرگاہ سے فضلہ اُٹھانے والے بارجز کی تیاری ، مینگروز اُگائو مہم ، تباہ کن ماہی گیری کے جال پر پابندی ، سمندر میں تیل کی آلودگی کو روکنا اور سمندر میں فضلے کو ٹھکانے لگانے کے رجحان کو کم کرنے کےلئے صنعتی برادری سے رابطہ شامل ہے۔

ظفر محمو د عباسی نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کا ایک اور مرکوزِ توجہ شعبہ میری ٹائم ایجوکیشن ہے جس میں خاص طور پر خواتین کے لئےپروگرامز ہیں۔ پاک بحریہ کی سرپرستی میں بحریہ یونیورسٹی مرد و خواتین کےلئے گریجویٹ اور ماسٹرز پروگرام شروع کر چکی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دن کے موقع پر سمندروں سے جڑی معاشی سرگرمیوں میں خواتین کو شامل کرنے کی مخلصا نہ کاوشیں کرتے ہوئے سمندروں اور سمندری وسائل کے دیرپا استعمال اور بقا کےلئے اپنے عزم اور عہد کا اعادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر ہی زمین پر موجود زندگی کے حتمی ذرائع کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین