سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ قوم نے نئے پاکستان میں تبدیلی کی عید دیکھ لی ہے، خطرناک تبدیلی آئی ہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، عید کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کرینگے، سونامی ایک تباہی کا نام ہے، عمران خان نے جو مانگا وہ مہنگائی کی صورت میں عوام کو ملا، عمران خان اللہ سے اچھا مانگتے تو اچھا ملتا، عمران خان جس سونامی کا راگ الاپتے تھے وہ مہنگائی کی صورت میں عوام کے سامنے آگیا ہے، عید کے دن جنگ وجدل کی باتوں سے گریز کرنا چاہیے ملکی مسائل پر عید کے بعد کھل کر باتیں کرینگے کیونکہ اس وقت بہت سے ایسے مسائل ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔ وہ سکھر میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔