• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یومِ تکبیر کے حوالے سے تقاریب
مسلم لیگ (ن) کے ورکرز میاں محمد نواز شریف کی صحت یابی اور رہائی کے لئے دعا کر رہے ہیں

چوہدری نور الحسن تنویر ایم این اے جب تک دبئی میں مقیم رہے مسلم لیگ (ن) گلف میں متحرک اور فعال رہی۔ تقاریب کا اہتمام ان کے زیر نگرانی تسلسل کے ساتھ ہوتا تھا۔ مسلم لیگ نے انہیں بہاولنگر سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا ۔ اب وہ رکن اسمبلی بن کر پارلیمنٹ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کے اسمبلی میں جانے سے مسلم لیگ (ن) متحدہ عرب امارات میں اس طرح فعال نہیں رہی جیسا چوہدری نورالحسن تنویر کے وقت میں تھی۔ کافی عرصہ بعد مسلم لیگ (ن) نے دبئی کے مقامی ہوٹل میں 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا جس کے مہمان خصوصی سابق رکن صوبائی اسمبلی آزاد علی تبسم تھے۔ نظامت کے فرائض عبدالوحید پال نے سرانجام دیئے۔ صدارت بزرگ رہنماء چوہدری عبدالغفار نے کی۔ پاکستان مسلم لیگ گلف کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت ڈاکٹر محمد اکرم شہزاد نے حاصل کی۔ مقررین میں آزاد علی تبسم، غلام مصطفیٰ مغل جنرل سیکریٹری یو اے ای، صدر شارجہ محمد غوث قادری، راجہ ابوبکر آفندی، طاہر بھندر صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ، سید وقار حسین گردیزی، دوست محمد اعوان نے کیا۔ 28 مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے۔ اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا۔ جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ 

یومِ تکبیر کے حوالے سے تقاریب
سامعین کا ایک گوشہ

یوم تکبیر جہاں پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے وہاں پاکستان کے دشمنوں اور بدخواہوں کے لئے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔ 28 مئی کو سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنا دیا۔ ہم اپنے قائد نواز شریف کی جرات، بہادری کو خراج تحسین پیش کرتےہیں جنہوں نے امریکی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے اور پوری دنیا کے دبائو کے باوجود 6 کے مقابلے میں 7 دھماکے کر کے ملک کا مستقبل محفوظ کر دیا۔ قائداعظم نے پاکستان بنایا۔ مسلم لیگ نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان بچایا۔ آج محسن پاکستان کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ پوری قوم کے لئے قابل ندامت ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی وژن نہیں ہے۔ ان سے عوام کی جان جلد چھوٹ جائے گی۔ ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہو چکا ہے اور مہنگائی کے طوفان نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پاکستان کی توانائی آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کرعوام کے ساتھ دھوکا کیا جا رہا ہے۔

یومِ تکبیر کے حوالے سے تقاریب
دبئی مسلم لیگ (ن) کی تقریب میں آزاد علی تبسم، غلام مصطفیٰ مغل، سید وقار گردیزی، محمد غوث قادری، طاہر بھنڈر، ابوبکر آفندی، دوست محمد اعوان، عبدالوحید پال اور ڈاکٹر شہزاد اکرم خطاب کر رہے ہیں

تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر بزرگ رہنماء و صدر یو اے ای پی ایم ایل (ن) چوہدری محمد الطاف کی کمی شدت سے محسوس کی گئی۔ وہ علالت کی وجہ سے تشریف نہیں لاسکے۔ جنرل سیکریٹری غلام مصطفیٰ مغل نے رائو اکبر علی ساقی کو العین کا صدرنامزد کر دیا جبکہ فجیرہ سے چوہدری رمضان شانی کو یوتھونگ فجیرہ کا صدر بنایا گیا اور مصطفیٰ مغل نے کہا کہ نامزد کئے گئے صدور اپنے علاقوں میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط اور فعال کریں۔ہم آپ کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ سینئر قیادت کی جانب سے آپ کی تنظیم سازی میں مداخلت نہیں ہوگی۔ ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہوگا۔ تقریب میں جمیل اسحاق، راجہ ظہیر احمد سمالوی، فاروق وڑائچ، ملک محبوب ربانی، شہزاد خان، حاجی رشید اکبر، کیپٹن عاصم ملک، چوہدری بشیر شاہد، ڈاکٹر محبوب خان، چوہدری راشد فاروق، جان قادر، عارف مغل، عرفان گل نے بھی خصوص طور پر شرکت کی۔ آخر میں دوست محمد اعوان نے نعرہ تکبیر اور دیگر نعرے لگا کر ماحول کو گرما دیا۔ قومی ترانہ اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔ ملک کی سلامتی اور میاں محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کروائی گئی۔

یومِ تکبیر کے حوالے سے تقاریب
مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر یو اے ای کے عہدیداران یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب میں گروپ فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کشمیر و جموں کی جانب سے تقریب کا انعقاد بئی کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ صدارت مسلم لیگ (ن) یو اے ای راجہ عبدالجبار نے کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض جنرل سیکریٹری سید وقار حسین گردیزی نے انجام دیئے۔ راجہ عبدالجبار، خواجہ فاروق، سردار سلیم، شفیق تھکیالوی، وارث انجم، شہزاد مغل، ملک محمود مقدم، سردار خالد محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا آج کا دن پاکستان اور اسلامی دنیا کی تاریخ کا اہم دن تھا۔ آج نواز شریف کو پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ صدر مسلم لیگ (ن) راجہ عبدالجبار نے کہا آزاد کشمیر سالار جمہوریت اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں حکومت کام کر رہی ہے۔ کارکن ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

تازہ ترین