محمد انور شیخ، نواب شاہ
منشیات ایک ایسا خوش ذائقہ زہر ہے جو کہ ایک سازش کے تحت ہماری نوجوان نسل کی رگوں میں سرایت کرکے اسے معاشرے کا عضومعطل بنایا جارہا ہے۔ گو کہ حکومت کی جانب سے منشیات کی روک تھام کے لئے متعدد ادارے موجود ہیں، اسمگلنگ یا مقامی سطح پر تیار کی جانے والی منشیات اور مضر صحت نشہ آور مصنوعات کی ایک شہر سے دوسرے شہر منتقلی، خرید وفروخت کو روکنا اور اس گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنا محکمہ کسٹم، کسٹم انٹیلیجنس، ایکسائز،پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ لیکن حیرت کی بات ہے کہ ان محکموں میں صرف پولیس ہی اپنا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہے، اور یہ بات بھی درست ہے کہ چند سالوں کے دوران پولیس کی کارگردگی بہت بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام میں بھی پولیس کا مورال بلند ہواہے۔
ضلع شہید بینظیر آباد میں پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، خاص طور نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والی خطرناک مضر صحت نشہ آور اشیاء، جن میں پان پراگ، گٹکا، سٹی اور مختلف ناموں سے اسمگل شدہ اور مقامی سطح پر تیار ہونے والا گٹکا شامل ہے کے خلاف جو متعدد کامیاب کاروائیاں کی گئی ہیں اس میں 100 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہیں اور منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔ایس ایس پی شہید بے نظیر آباد تنویر حسین تینو نے جنگ کو بتایا کہ ضلع کو منشیات سے مکمل طور پر پاک کرنے اور ضلع کی حدود میں قومی شاہراہ، انڈس ہائی وے اور دیگر روڈ راستوں سے منشیات کی ترسیل کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے پولیس بھرپور کاروائیاں کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ منشیات فروشوں نے پولیس کارروائی سے بچنے کے لئے منشیات کی ترسیل کے نظام کو تبدیل کردیا اور بڑی گاڑیوں کے بجائے چھوٹی لگژری گاڑیوں کا استعمال کررہے ہیں، پولیس کی جانب سے کی جانے والی متعدد کاروائیوں میں منشیات فروشوں کو بڑی گاڑیاں پکڑے جانے سے بھاری نقصان پہنچا ہے جس کے بعد اس گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر نے اب چھوٹی گاڑیوں کا استعمال شروع کردیاہے اور اس کے لئے تجربہ کار تیز رفتار ڈرائیورز کو بھی گھناؤنے دھندے کا حصہ بنایا گیا ہے جو قومی شاہراہ، انڈس ہائی وے سمیت دیگر راستوں سے واقف ہوں، اور ان کا طریقہ کار یہ ہے کہ منشیات سے بھری گاڑی سے آگے کچھ فاصلے سے ایک گاڑی ہوتی ہے جو پچھلی گاڑی کو راستے میں پولیس کی نقل و حرکت سے آگاہ کرتی ہے تاکہ پولیس کارروائی سے بچا جاسکے۔ منشیات فروشوں کی اس پلاننگ کو بھی شہید بے نظیر آباد پولیس نے اپنی بہتر حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنادیا ہے اور مختلف کارروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کی منشیات جس میں مختلف نشہ آور مصنوعات شامل ہیں برآمد کرکے گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا ہے۔
ایس ایس پی تنویر حسین تینو کے مطابق ضلع بھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری رکھا جائے گا تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو سختی ہدایات دی ہیں کہ وہ جرائم کی سرکوبی کے ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض احسن طریقے سے ادا کریں فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔طبی ماہرین کے مطابق نشہ آور مصنوعات پان پراگ، گٹکا اور دیگر مضر صحت اشیاء کا استعمال انتہائی خطرناک ہے۔ اس کے استعمال سے منہ اورگلے کے کینسر سمیت پیٹ کی مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ عوامی،سیاسی،سماجی،تجارتی حلقوں نے ضلع بھر میں مثالی قیام امن اور منشیات فروشوں خاص طور نشہ آور مصنوعات پان پراگ، گٹکا، سٹی اور دیگر مضر صحت خطرناک اشیاء کے گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو اس طرح کے آپریشن سندھ بھر میں کرنا چاہیں تاکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو اس سے محفوظ بناسکیں۔