لاہور(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر بنانا بڑی غلطی تھی۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست بہت مختلف ہے۔شہباز شریف ابھی بھی وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔ نواز شریف اگر میرا مشورہ مان لیتے تو آج جیل میں نہ ہوتے۔ نوازشریف اور زرداری کی دوبارہ حکومت نہیں آسکتی۔ اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرلے مگر ان کے پاس کوئی صاف چہرہ نہیں ہے۔ ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ 14جون کو کریں گے۔عید الفطر کے موقع پر ٹرین آپریشن سے ریلوے نے ایک ارب روپے کی کمائی کی ہے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے تقریباً 3 کروڑ روپے جرمانے کی مد میں حاصل کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان 30 جون کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح اسلام آباد یا کراچی سے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا وزیراعظم سے چینی مافیا سے متعلق بات کروں گا، مجھے اب پتا چلا چینی مافیا سبسڈی لے گیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست مختلف ہے، پبلک اکائونٹ کمیٹی کا نتیجہ صفر ہے۔ شیخ رشید نے کہا اس بار اگر جنگ کو کسی نے ٹالا ہے تو وہ جنرل باجوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے آرمی چیف نے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارا میڈیا تیل کو ڈسکس کررہا ہے اور بریکنگ نیوز دے رہا ہے۔ ہمارے پاس 5 دن کا تیل موجود ہے اور 15 دن کا تیل راستے میں ہے جس کے بعد تقریباً 20 دن کا آئل ہمارے سٹاک میں موجود ہوگا اور ہم کوشش کریں گے کہ تیل کے ذخیرے کو مزید بڑھایا جائے۔