وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پچھلے 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان ان چند ملکوں میں سے ہے جو سب سے زیادہ خیرات دیتا ہے۔
انہوں نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ پاکستانی قوم دنیا میں سب سے کم ٹیکس اور سب سے زیادہ خیرات دیتی ہے، قوم سے اپیل ہے کہ اثاثے ڈکلیئر کرنے کی اسکیم میں سب شرکت کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 30 جون تک اپنے اثاثے اور بے نامی بینک اکاؤنٹس ڈکلیئر کریں، اسکیم کا فائدہ اٹھائیں، اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سالانہ 4 ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں، ان 4 ہزار میں سے 2 ہزار ارب روپے لیے گئے قرضوں کی ادائیگیوں میں چلے جاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بچ جانے والے پیسے سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہو سکتے، اگر ہم ٹیکس نہیں دیں گے تو پاکستانی کبھی عظیم قوم نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 30 جون کے بعد آپ کو اثاثے ظاہر کرنے کا پھر موقع نہیں ملے گا، قوم میں جذبہ آ گیا تو ہم ہر سال 10 ہزار ارب روپے اکٹھے کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم ٹیکس نہیں دیں گے تو اپنے ملک کو اوپر نہیں لے جا سکیں گے، عظیم قوم بننا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہماری ایجنسیز کے پاس معلومات ہیں کہ کس کے پاس بے نامی اکاؤنٹ ہے یا بے نامی پراپرٹیز ہیں، ہماری حکومت کے پاس وہ انفارمیشن ہے جو پہلے کسی حکومت کے پاس نہیں تھی۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہمارے معاہدے ہوئے ہیں، باہر ملکوں میں پاکستانیوں کی پراپرٹیز کی معلومات آ رہی ہیں، 30 جون تک باہر پڑا اپنا پیسہ ڈکلیئر کریں۔
انہو ں نے قوم سے اپیل کی کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان کو فائدہ دیں، اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کریں۔