ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کو ن لیگ کی ایمنسٹی پر تقریر تو یاد ہوگی ؟ وزیراعظم نے نہیں بتایا کہ ٹیکس محصولات میں500 ارب روپے کا خسارہ ہے، عمران صاحب کا جہانگیر ترین اور احباب کو پیغام تھا مزید بے نامی اثاثے حلال کریں۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ نے جب بھی عوام سے بڑا جھوٹ بولنے کا ریکارڈ قائم کرنا ہوتا ہے تو آپ ریکارڈ کرا کر قوم کو پیغام دیتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کو تو اب جھوٹ بولنے کی مہارت حاصل ہے، پارلیمنٹ میں آکر لائیو جھوٹ بولا کریں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب پارلیمنٹ آنے سے اس لئے ڈرتے ہیں کیونکہ آپ نے ووٹ چوری کیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے پھر نہیں بتایا کہ پچھلے 10 ماہ میں آپ نے 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، جبکہ مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا جو ہر ملک لیتا ہے۔
عمران صاحب آپ کو یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ ن نے جو قرضہ لیا اس سے ملک کو گیارہ سو میگاواٹ بجلی دی، 10 ہزار کلومیٹر کی موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا، دہشت گردی ختم کی صحت اور تعلیم کے پراجیکٹ دئیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران باجی مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی پہ اپنی تقریر تو یاد ہوگی ؟ عمران صاحب آپ نے صرف ایک سال پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی سے جو فائدہ اُٹھائے گا آپ اُس کو جیلوں میں ڈالیں گے، تو بتائیں کہ آجکل علیمہ باجی کس جیل میں ہیں؟