سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کےلیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، ان کے ہمراہ آصفہ بھٹو زرداری بھی تھیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ کر رہا ہے۔
آصف علی زرداری اپنی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری اور بہن فریال تالپور کے ہمراہ عدالت میں موجود ہیں، ان کے علاوہ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویزاشرف بھی کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔
سابق چیئرمین سینیٹ نیر بخاری، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک ، فرحت اللہ بابر، فیصل بٹ اور زمرد خان سمیت دیگر پیپلز پارٹی کے رہنما اور وکلاء کی بڑی تعداد کمرۂ عدالت میں موجود ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا کورٹ روم نمبر 2ججز کی آمد سے قبل ہی کھچا کھچ بھر گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نیب نے آصف زرداری کو میگا منی لانڈرنگ کا بالواسطہ اور بلاواسطہ بینیفشری قراردیتے ہوئے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔