پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد ہونے ان کی گرفتار ی کی اجازت ملنے پر ملک بھر کے جیالوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے ۔
مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، جیالے مشتعل نہ ہوں، ضبط کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے اور تفصیلی عدالتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔