اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سابق صدر اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کی حمایت کردی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر قانون کے آگے سر تسلیم خم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر طلبی پر آصف زرداری نیب میں پیش ہوتے ہیں، گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ہے۔
شہباز شریف نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے پیپلز پارٹی کے مطالبے کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ نے جمہوری روایت کو برقرار رکھا، آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر آج ہی جاری کئے جائیں۔
اپوزیشن لیڈر کے مطالبے پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ مجھے اس معاملے پر قانونی پہلوئوں کا جائزہ لینے کےلئے کچھ وقت دیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نیب کے سامنے کوئی تاخیری حربہ استعمال نہیں کیا، سابق صدر نے نیب کے ہر سوال کا جواب دیا۔
وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے وزیر توانائی عمر ایوب کو ٹوئٹ کر کے مبارکباد دی کہ آپ نے بجلی کا مسئلہ حل کر دیا ہے، یہ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حالیہ رمضان گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر رہا۔
جس پر شہباز شریف نے اسد قیصر کی بات کو درست قرار دیتےہوئے کہا کہ ہماری حکومت کے خاتمے سے قبل 11 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہوئی،حالیہ رمضان میں لوڈشیڈنگ اسی وجہ سے نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ایوان میں آمد پر شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیر صاحب آپ کی بڑی لمبی عمر ہے ۔
اپوزیشن لیڈر نے فواد چوہدری سے متعلق کہا کہ ہمارے دوست فواد چوہدری سے ان کا عہدہ چھن لی گیا،جس کے باعث وہ ڈپریشن میں چلے گئے ہیں۔
اس پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سائنس اینڈٹیکنالوجی کی وزارت بھی بڑی اہم ہوتی ہے۔
شہباز شریف نے جواباً کہا کہ فواد چوہدری کی سائنس کا دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے،عید کے چاند کے حوالے سے بھی انہوں نے کیمیائی نسخے نکالے ہیں۔