• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان ’وایو‘ کے اثرات کراچی میں نظر آنے لگے

کراچی شہر میں سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات شدید گرمی کی صورت میں نظر آ رہے ہیں، آئندہ 3 روز کے دوران کراچی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل وارننگ سینٹر کے مطابق سائیکلون ’وایو‘ شدت اختیار کر گیا ہے اورکیٹگری ون کے ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہو گیا ہے۔

طوفان کراچی کے جنوب سے 800 کلو میٹر دور بحیرۂ عرب میں موجود ہے اور 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب کی جانب بڑھ رہا ہے، طوفان کے کل صبح سے شام کی دوران بھارتی ساحل گجرات سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی طوفان کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم طوفان کے اثرات بدین، ٹھٹھہ اور تھر پارکر ڈسٹرکٹ میں تیز آندھی اور بارش کی صورت میں نظر آئیں گے۔

طوفان کے قریب آتے ہی کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گیا ہے،شہر قائد میں آئندہ 3 روز کے دوران ہیٹ ویو رہے گی۔

دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل یا معمول سے انتہائی کم رفتار پر چلیں گی، پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔

شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث درجۂ حرارت کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کر نے اور دن کے اوقات میں بلا ضرورت دھوپ میں نہ نکلنے کی ہدایت کی ہےجبکہ طوفان کے باعث سمندر میں آج سے طغیانی کی کیفیت رہے گی

ادھر حکام کی جانب سے ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آج شام سے جمعےتک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔

ممکنہ سمندری طوفان ’وایو‘ کے پیش نظر بدین اور ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مون سون اور ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر ضلع بدین میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر حفیظ سیال کے مطابق تمام سرکاری محکموں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات کی گئی ہیں، جبکہ برساتی نالوں کی ہنگامی صفائی کی بھی ہدایات کر دی گئی ہیں۔

ٹھٹھہ کےساحلی علاقوں میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرعثمان تنویر کے مطابق محکمہ بلدیہ سمیت تمام اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نپٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

ادھر بحیرۂ عرب میں بننے والے سمندری طوفان ’وایو‘ نے ضلع بدین کے ماہی گیروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ کسی ممکنہ خطرے کی پیش نظر ضلع انتظامیہ نے تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

تازہ ترین