کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو لوٹنے والوں کیخلاف کمیشن ضرور بنائیں، اس ملک کے ساتھ جس نے بھی واردات کی اسے کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے، اسحاق ڈار کے ساتھ پرویز مشرف کو بھی عدالت میں پیش ہونا چاہئے، وزیراعظم عمران خان کے بارہ بجے تقریر کرنے پر تنقید بلاجواز ہے، پہلی دفعہ کسی وزیراعظم کی تقریر کو میوٹ کیا گیا اور ابھی تک نہیں پتا ایسا کیوں کیا گیا، دو تین سال بعد عمران خان بھی پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ساتھ کنٹینر پر کھڑے ہونگے،قومی اسمبلی میں حکومت کی اکثریت ہے اس لئے وہ بجٹ پاس کروالے گی، موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ ممکن نہیں تھابشرطیکہ اس کے بعد منی بجٹس نہ آئیں،پی ٹی آئی حکومت نے بھی ٹیکسیشن میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا طریقہ کار برقرار رکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار سلیم صافی، حسن نثار، بینظیر شاہ، شہزاد اقبال، حفیظ اللہ نیازی اور ارشاد بھٹی نے جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے سوال وزیراعظم کا رات بارہ بجے قوم سے خطاب، دس برسوں میں لیے گئے قرضے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان، اپوزیشن کی رات دیر سے خطاب پر تنقید، وزیراعظم کی رات بارہ بجے خطاب کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر کے بعد ملک کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے،سمجھ نہیں آتا کس طرح کے لوگوں کے ہاتھ یہ ملک دیدیا گیا ہے۔