• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشوت لیتے پاسپورٹ آفس کا کلرک، 2 انسانی اسمگلر گرفتار

ایف آئی اے نے مختلف علاقوں میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایک کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس کے ایک کلرک کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ دیگر دو کارروائیوں میں 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد جمیل احمد خان میؤ نے ’جنگ‘ کو آگاہ کیا کہ محمد قاسم نامی شخص نے درخواست دی تھی کہ چنیوٹ کے پاسپورٹ آفس کا کلرک فخر عباس اس سے پاسپورٹ بنانے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔

شکایت پر ایف آئی اے کی ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مجسٹریٹ کی سربراہی میں چھاپہ مارا اور فخر عباس کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

دوسرا چھاپہ اصغر علی نامی شخص کی درخواست پر ماکوانا تحصیل میں مارا گیا اور وہاں سے غلام مصطفیٰ نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ملزم نے درخواست کنندہ سے سعودی عرب میں نوکری کا ویزہ لگوا کر دینے کا کہہ کر ساڑھے 5 لاکھ روپے لیے اور پھر فرار ہو گیا۔

تیسری کارروائی میں ایف آئی اے نے ملزم محمد جاوید کو گرفتار کیا ہے جس نے زبیر نامی شخص سے 11 لاکھ روپے یہ کہہ کر وصول کیے تھے کہ وہ اس کو لندن بھجوا دے گا۔

ملزم جاوید کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی زبیر کو لندن نہ بھجوا سکا اور اپنے گھر اور آفس سے روپوش ہوگیا تھا۔

تازہ ترین