• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نے پیش گوئی کی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے سلسلے میں اتوار کو ہونے والے پاکستان مقابلہ بھارت میچ میں بارش جیت جائے گی ۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 جب سے شروع ہوا ہے انگلینڈکا موسم شائقین اور ٹیمز کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے۔ ابھی تک کھیلے جانے والے 20 میچز میں سے 4 اہم میچز بارش کی نظر ہو چکے ہیں۔

ایسے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی عوام نہایت شش و پنج کا شکار ہیں کہ کل یعنی 16 جون کو ہونے والا میچ بھی کہیں بارش کی نذر نہ ہو جائے۔

ایسے میں راولپنڈی ایکسپریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ شیئر کی ہے جس میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی ٹاس سیشن کے بعد بارش کے پانی میں تیرتے ہوئے پویلین لوٹ رہے ہیں جبکہ کرکٹ ایکسپرٹ گراؤنڈ میں موجود ایک پانی میں تیرتی کشتی کے اوپر کھڑے تجزیہ دے رہے ہیں۔

شعیب اختر نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئےساتھ ہی میں لکھا کہ کل کے میچ میں کچھ ایسا ہی ہوتا نظر آ ہا ہے۔

فاسٹ بالر شیبی کی اس ٹوئٹ کو بھارتی کھلاڑی یوراج نے بھی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا ، اس کے بعد اس پوسٹ پر دونوں ملکوں کے ٹوئٹر صارفین کی جانب سے خوب کمنٹس کئے گئے اور موسم سے متاثر ہونے کے خدشے پر دونوں ٹیموں پر لطیفے بھی بنائے۔

دوسری طرف انگلینڈ کے موسم کو لے کر سبھی شائقین آئی سی سی سے نالاں نظر آتے ہیں، کچھ لوگ آئی سی سی کو مذاق کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کچھ تو شدید غصے میں نظر آ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ برطانوی محکمۂ موسمیات نے کل مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں ہونےوالے میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ کل پاکستان اور بھارت کا یہ ورلڈ کپ کے سلسلے میں ہونے والا 7 واں ٹاکرا ہوگا، ماضی میں ہونے والے سبھی میچز میں بھارت فا تح رہا ہے۔

تازہ ترین