• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے ایف 17تھنڈر پیرس ائیر شو شرکت کے لئے تیار

  پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے 53ویں پیرس ائیر شو کی مشقوں کا آغا ز کر دیا۔ یہ ائیر شو لا بورج پیرس میں 17 سے23 جون تک منعقد کیا جائے گا۔


پاک فضائیہ کی جے ایف 17 تھنڈر ڈیموٹیم دنیا کے سب سے بڑے ائیر شو میں اپنی مسحور کن پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کرنے کے لئے مکمل طور پرتیار ہے۔پاک فضائیہ کاایک جے ایف 17 طیارہ فضائی مظاہروں میں شرکت کرے گا جبکہ دوسر۱ طیارہ جدید ہتھیاروں سے لیس، زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ ر ہے گا۔

تین جے ایف 17 تھنڈر طیاروں، ائیر اور گراؤنڈ کریو پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ اس بڑے شو میں شرکت کیلئے دو دن پہلے پیرس پہنچا۔ائیر شو کے پہلے چار دن تجارتی مقاصد کے لیے مختص ہیں جبکہ باقی تین دن عام عوام کے لیے رکھے گئے ہیں۔

شو میں جے ایف 17 تھنڈر کا فضائی مظاہرہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جہاں اس کی جدید ترین صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ یہ ممکنہ خریداروں کو جے ایف 17تھنڈر کی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع بھی فراہم کرے گا اور اس طیارے کو عالمی مارکیٹ میں نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ ائیر شو فرنچ ائیر و اسپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے۔ اس ائیر شو میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں فضائی کمپنیاں اور نمایاں حیثیت کی حامل ایوی ایشن انڈسٹریز حصہ لیتی ہیں۔

تازہ ترین