• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف مصیبت بن گئے تھے، باہر جانے سے سب کی جان چھوٹےگی،تجزیہ کار

کراچی( ٹی وی نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پرویز مشرف اس وقت حکومت، عدالت ، اسپتال اور فوج سب کیلئے مصیبت بنے ہوئے ہیں، ان کے جانے سے سب کی جان چھوٹ جائے گی۔خیبرپختونخوا میں تسلسل سے دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومت اور ریاستی ادارے ہیں ،جب تک نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوگا ملک میں دہشتگرد حملے جاری رہیں گے۔ سلیم صافی، امتیاز عالم، مظہر عباس، حسن نثار، شہزاد چوہدری اور افتخار احمد نے ان خیالات کا اظہار جیو نیوز کے منفرد و مقبول پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ احتشام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال کیا پرویز مشرف پاکستان واپس آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے؟ امتیاز عالم نے کہا کہ پرویز مشرف ایک بہادر آدمی ہیں وہ وطن واپس آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے، پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ان کے بنیادی حق کے خلاف تھا، اسی لئے ہائیکورٹ نے ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا تھا، حکومت اس فیصلے کیخلاف اپیل میں گئی تھی، اٹارنی جنرل حکومتی کیس کے دفا ع میں زیادہ پرجوش نظر نہیں آئے، پرویز مشرف حکومت کے گلے کی ہڈی بن گئے تھے، حکومت پرویز مشرف کے معاملہ سے بچ کر چل رہی تھی، سب نے دیکھا کہ اپنے سابق چیف کیلئے غیبی ہاتھ حرکت میں آتے رہے اور وہ عدالت کے بجائے اسپتال بھی پہنچتے رہے، اس سے ظاہر ہوجاتا ہے کہ پاکستان میں قانون سب پر برابر لاگو نہیں ہوتا ہے۔حسن نثار نے کہا کہ پرویز مشرف ایک دلیر آدمی ہیں، وہ پہلے بھی پاکستان کسی مجبوری کے تحت نہیں اپنی مرضی سے واپس آئے تھے ، اب بھی بیرون ملک جائیں گے تو واپس آجائیں گے، سپریم کورٹ نے بال حکومت کے کورٹ میں ڈال دی ہے کہ اگر وہ چاہے تو پرویز مشرف کو باہر جانے سے روک لے۔افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف ایک کمانڈو ہیں وہ ضرور وطن واپس آئیں گے، پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے سے ہمارا نظام برہنہ ہوگیا ہے، پرویز مشرف پر پہلے دن سے کوئی کیس نہیں تھا، یہ سب عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے کیاجارہا تھا، ایک اکیلا آدمی اس وقت تک آئین توڑ کر مارشل لاء نہیں لگاسکتا جب تک اس کے ساتھ سہولت کار نہ ہوں، پرویز مشرف جب مارشل لاء لگانے میں مددگاروں کے نام لیتے ہیں تو سب کو مرگی پڑجاتی ہے، پرویز مشرف کو سپورٹ کرنے والوں نے جتنا مال کمایا پہلے وہ مال واپس دیں۔
تازہ ترین