وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو پاکستان میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا ہے، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ایف اے ٹی ایف کی طرف سے مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق لندن میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلیفون پر بات کی، دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی بینکنگ اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں، انشورنس کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کے داخلی کنٹرول کو بہتر بنایا گیا ہے۔