• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب ملک جنوبی افریقا کیخلاف ڈراپ،حارث کو کھلانےکا فیصلہ

مانچسٹر (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) تقریباً طے ہوگیا ہے کہ ٹیم کے سینئر ترین بیٹسمین شعیب ملک اتوار کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کو ان کی خراب فارم کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو کھلایا جائے گا۔ شعیب ملک نےٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے خلاف8، آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف صفر پر آئوٹ ہوئے تھے۔ مسلسل خراب فارم کی وجہ سے شعیب ملک کو ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں میں ٹیم میں جگہ نہ ملنے کے امکانات روشن ہے۔ شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررکھا ہے۔ ان کی کارکردگی اور مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں ۔ پیر کی دوپہر جب پاکستانی ٹیم مانچسٹر سے لندن کے لئے روانہ ہوئی شعیب ملک ٹیم بس میں موجود نہیں تھے۔ شعیب ملک جو ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں انہوں نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور بیٹے اذہان کے ساتھ پرائیویٹ گاڑی میں سفر کیا۔ شعیب ملک کے علاوہ محمد حفیظ اور حارث سہیل بھی بس میں نہیں تھے ۔ تینوں نے اپنی فیملیز کے ساتھ الگ الگ سفر کیا ۔

تازہ ترین