اسلام آباد(جنگ رپورٹر)چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے سنٹرل جیل راولپنڈی (اڈیالہ ) میں پچھلے 15 سالوں سے قید قتل سزائے موت کے منتظر مجرم و ذہنی مریض کی والدہ کی درخواست پر اس کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کاحکم جاری کردیاہے نورجہان نے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت چیف جسٹس کے نام بھجوائی گئی درخواست میں بیان کیا ہے کہ ان کے بیٹے محمد عباس کو قتل کے جرم میں سیشن عدالت نے سزائے موت سنا رکھی ہے، جس پر منگل 18جون کو عملدرآمد ہونا ہے ، درخواست گزار نے بیان کیا ہے کہ مجرم ذہنی مریض ہے اور وہ ہوش و حواس میں نہیں ہے اس لئے سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کا حکم جاری کیا جائے ،جس پر فاضل چیف جسٹس نے سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کاحکم جاری کردیاہے۔