لندن (نمائندہ جنگ) سماجی رہنما شیخ مسلم سربلند نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان ہائی کمیشن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ شیخ سربلند نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی توجہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے اور جھوٹے مقدمات کی طرف دلائی اور کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانی ہرسال اپنے وطن کی معاشی ترقی میں حصہ ڈالتے ہوئے اربوں روپے پاکستان بھجواتے ہیں۔ یہ پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری سمیت مختلف منصوبوں کےلئے جائیدادیں خریدتے ہیں لیکن قبضہ مافیا ان پر قابض ہوکر اوورسیز پاکستانیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرا دیتی ہے، جس پر حکومت کو خاص توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانیوں کے اپنے وطن میں شادیوں سمیت انہیں کئی سماجی مسائل کا سامنا ہے، جس سے پاکستانی کمینوٹی پریشان ہے۔ شیخ سربلند نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے وطن میں خصوصی اہمیت دی جانی چاہئے تاکہ انکا حوصلہ بلند رہے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نےاوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر شیخ سر بلند نے وزیر خارجہ کا اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔