• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکار بجٹ پر خود شور کر رہی ہے: قائم علی شاہ

سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما قائم علی شاہ کہتے ہیں کہ عجیب سی بات ہے کہ سرکار بجٹ پر خود شور کر رہی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو بھی بولنے کا موقع ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجٹ پاس نہ کرا سکی تو حقِ حکمرانی کھو بیٹھے گی، ایسی صورت میں شاید مڈٹرم الیکشن ہوں کیوں کہ حکومت اکثریت کا اعتماد کھو بیٹھے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی ہے اور بجٹ میں دیگر خامیاں ہیں اس لیے اپوزیشن کو بولنے کا موقع تو دیں۔

اس سےقبل قائم علی شاہ اپنے خلاف نیب انکوائری کے معاملے کی سماعت کے لیے سندھ ہائی کورٹ پہنچے۔

عدالت عالیہ نے قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر عدالت کا تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کیوں نہیں کیا؟

عدالت نے کہا کہ ڈی جی نیب سندھ کو جواب جمع کرانے کے لیے حکم دیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں، ہمیں ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

واضح رہے کہ نیب سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر تحقیقات کر رہا ہے۔

تازہ ترین