اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔
آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر بجٹ سیشن کے لیے جاری کیے گئے ہیں، جو 29 جون تک جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ارکان نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی کاپی حاصل کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر سے پہلے خورشید شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کئی بار ٹیلی فون بھی کیا، جبکہ عبدالقادرپٹیل، شازیہ مری، شگفتہ جمانی اور آغا رفیق پروڈکشن آرڈر کے لئے موجود رہے۔
خورشید شاہ نے پروڈکشن آرڈر کی تصدیق کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’’دیر آید درست آید‘‘
خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری انشاء اللہ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری سے نیب راولپنڈی میں بچوں نے ملاقات کی۔
پی پی چیرمین بلاول بھٹو اور آصفہ کی آصف زرداری سے نیب راولپنڈی میں تقریباً ایک گھنٹہ ملاقات جاری رہی۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ چیرمین نیب نے آصف زرداری کےبچوں کو ان سے کسی بھی دن ملنے کی اجازت دے دی۔
چیرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ آصف زرداری کو ملاقاتوں سے متعلق کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔