اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزارت قانون کی رائے کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ ن کے رکنقومی اسمبلی سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے دونوں اراکین آج قومی اسمبلی میں ہونے والے بجٹ سیشن کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔پروڈکشن آرڈر ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق کے دستخطوں سے جاری ہوئے، پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) کی طر ف سے دونوں کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا شدید مطالبہ تھااور اس ضمن میں پیپلز پارٹی کئی روز سے سپیکر چیمبر کے سامنے دھرنا بھی دے رہی تھی، اسپیکر نے خورشید شاہ کو ٹیلیفون کرکے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ آصف زرداری اور سعد رفیق آج اپنی پارلیمانی پارٹیوں کو اجلاس میں شریک ہونگے۔آصف زرداری کو اسلام آباد نیب جبکہ سعد رفیق کو لاہور جیل سے پارلیمنٹ ہائوس لایا جائے گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے سارجنٹ ایٹ آرمز کو حفاظتی اقدامات کی ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔ دونوں رہنمائوں کو قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس انتیس جون کو ختم ہوجائے گا۔جیو نیوز کےمطابق آصف زرداری کے پروڈکشن آرڑ سے پہلے خورشید شاہ نے اسپیکر کو کئی بار ٹیلی فون کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے خود خورشید شاہ کو پروڈکشن آرڈر سے متعلق آگاہ کیا۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دیر آید درست آید۔ پیپلز پارٹی کے ارکان نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی کاپی حاصل کر لی اور عبدالقادرپٹیل، شازیہ مری ،شگفتہ جمانی اور آغا رفیق پروڈکشن آرڈر کیلئے موجود رہے۔