• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کتنے بھی لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیں نالائق حکومت نہیں چلے گی، مریم نواز

لاہور (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہیں کسی چیز سے ڈرایا نہیں جاسکتا انتقام کانشانہ بنایاجارہاہے، بلاول بھٹو سے ان ہائوس تبدیلی سمیت کئی تجاویز پر بات ہوئی ، فیصلہ اے پی سی کرے گی، بجٹ کے حق میں ووٹ دینے والا عوام کی عدالت میں مجرم ٹھہرے گا، جلسوں اور ورکرزکنونشنز کا شیڈول تیار ہے کیونکہ اگر ن لیگ نے عوامی مشکلات کو اجاگر نہ کیا تو یہ بھی عوام کے غصے کا نشانہ بنے گی۔خواجہ سعد رفیق کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت کی بہت امید تھی لیکن لیگی رہنماؤں کوانتقام کانشانہ بنایاجارہاہے،حکومت کوخواجہ سعدرفیق کی کامیابی ہضم نہیں ہوئی ان کی غلطی یہ ہے کہ انہوں نے نالائق اعظم کے خلاف دو بار الیکشن جیتا۔انہوں نے کہا سنتے آئے ہیں کہ قانون اندھا ہوتاہے لیکن نیب کے قانون کی بڑی بڑی آنکھیں ہیں جسے اپوزیشن رہنما پہلے ہی نظر آجاتے ہیں ۔نیب اپوزیشن کونشانہ بنا رہا ہے ، حق بات کرنے و الوں کوقید ، مقدمات اورسزاؤں سے ڈرایا جاتا ہے لیکن مجھے کسی چیز سے ڈرایا نہیں جا سکتا، جتنے بھی لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیں ان نالائقوں سے حکومت نہیں چل سکتی ۔اگر سازشی حکومت آئی ہے تو اس کو سازشی حکومت کہنا چاہیے مجھے اس حکومت کو ووٹ چور اور سازشی کہنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ بہت سے معاملات پر بلاول بھٹو کےساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی، شہباز شریف کی بھی اپوزیشن پارٹیز سے ملاقاتیں ہوئی ہیں احتجاج اور دیگر امور کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔
تازہ ترین