مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل)پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ، مسلم لیگ ودیگر جماعتوں کے زیر اہتمام مانچسٹر کے مقامی ہال میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ کلیم الرحمن، راجہ سجاد حسین نے کہا کہ فوری طور پر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، فریال تالپور اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو رہا کیا جائے۔ اس موقع پرمقرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کال کا انتظار کر رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر خوجہ کلیم الرحمٰن، پاکستان مسلم لیگ نون نارتھ ویسٹ کے صدر راجہ سجاد حسین اے این پی کے برطانیہ کے وائس صدر احمد ندیم، سید شجاعت شاہ مقدسہ بانو، چوہدری الیاس طارق چوہدری، طاہر رحیم، وسیم چوہدری، ہارون احمد، چوہدری نجم الحسن اور دیگر سیاسی و سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ احتجاجی سیاست میں پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی ثانی نہیں، سٹریٹ پاور آج بھی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پی پی کے پاس محفوظ ہے،پاکستان کے اندر نیب گردی سے اپوزیشن قیادت کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے والے ایشوز کو بھی بلاول بھٹو پارلیمنٹ میں حل کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر بلاول بھٹو زرداری احتجاج کی کال دیں گے تو پاکستان، برطانیہ، آزاد کشمیر ہر جگہ پر دما دم مست قلندر ہوگا۔ عام طور پر بجٹ اجلاسوں میں اپوزیشن شور شرابہ کرتی ہے یہ پہلی مرتبہ دیکھ رہے ہیں کہ حکومتی ممبران بھی سراپا احتجاج ہیں۔ نیب گردی کے شکار ممبران اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں تاکہ وہ اسمبلی فلور پر اپنا موقف بیان کرسکیں۔ مقرین نے مزیدکہا کہ اب تک سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا سیاسی انتقام اور ان کے بنیادی سیاسی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بلاول بھٹو اسمبلی فلور پر جمہوری نظام کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں جو بہترین پارلیمنٹیرین اور جمہوریت کا حسن ہے جب بھی احتجاجی کال آئے گی ہر طرف دما دم مست قلندر ہوگا۔