• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاون میں ملیر ندی کے ساتھ سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے رہائشی اسکیم بنانے والے گروہ کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے اینٹی انکروچمنٹ فورس کے ہمراہ کارروائی کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو مرکزی ملزمان فرار ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع ملیر کے مراد میمن سب ڈویژن کے مختارکار عبدالستار کلہوڑ کی مدعیت میں اینٹی انکروچمنٹ فورس تھانے میں ایف آئی آر نمبر 19/2 درج کی گئی ہے جس کے تحت ملزمان محمد شریف، نورمحمد میو، قربان علی، محمد صادق اور علی حسن کو سرکاری اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

عبدالستار کلہوڑ کے مطابق قبضہ گروپ کے سرغنہ حسین جوکھیو اور برکت برڑو فرار ہوگئے، ان ملزمان کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے۔ ملزمان جعلی کاغذات کے ذریعے کئی ہفتوں سے شاہ لطیف ٹاون تھانے کی حدود ملیر ندی کے قریب نئے ملیر دیہہ کھاکھڑ میں 4 ایکڑ سرکاری اراضی پر رہائشی منصوبہ بنارہے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کو روکا گیا، نوٹس جاری کرکے کام بند رکھنے کی تنبیہ کی گئی جس کے بعد اینٹی انکروچمنٹ فورس کی مدد لی گئی۔ اینٹی انکروچمنٹ فورس کراچی بھر میں 2019 کی یہ دوسری کارروائی ہے جبکہ شاہ لطیف ٹاون میں رواں سال کی پہلی بڑی کارروائی ہے۔

مقدمہ ک مطابق ملیر دیہہ کھاکھڑ میں 4 ایکڑ پر قبضہ کرکے گھر تعمیر کئے جارہے تھے۔

تازہ ترین