کراچی (ٹی وی رپورٹ)پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف صداقت علی عباسی نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر تنقید کی ہے پی ٹی آئی حکومت دوسروں سے مختلف ہے ہماری جماعت میں لوگ ضمیر کے مطابق اظہار خیال کرتے ہیں۔ سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ گھوٹکی میں وزیراعظم سابق وزیر علی محمد مہر کے انتقال کے فوری بعد تعزیت کیلئے جاتے تو الیکشن کمیشن کے پاس اعتراض کا جواز نہیں ہوتا، 18جولائی کو وہاں ضمنی انتخاب ہے الیکشن کمیشن وزیراعظم کو وارننگ دے کرمعاملہ ختم کرسکتا ہے جبکہ قانونی طور اس کے برے اثرات بھی ہو سکتے ہیں۔ ماہر تعلیم سید عابدی نے کہاکہ ڈاکٹر بننے والی خواتین کو پریکٹس کا پابند بنانے کی ضرورت ہے 3سے 5سال لازمی میڈیکل پریکٹس کریں تاکہ حکومت کاسرمایہ ضائع نہ ہو۔ پروگرام میں بے نظیر بھٹو کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔شیخ رشید کے وزیر ریلوے بننے کے بعد 17ٹرین حادثات ہو چکے ہیں اس حوالے سے نمائندہ جیو نیوز امین حفیظ کا کہنا تھا کہ جناح ایکسپریس میں پرانی بوگیاں لگادی گئیں ۔ٹریک کافی پرانا ہوچکا ہے لیکن شیخ رشید صرف زائد ٹرینیں چلانے کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں انہیں ٹریک کی مکمل بحالی پر توجہ دینا چاہئے ۔