قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی آج پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ اہم وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں خیرمقدمی بینرز اور بل بورڈز لگا دیئے گئے ہیں۔
امیر قطر وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقاتیں کریں گے، پاک، قطر اقتصادی تعاون کے حوالے سے کئی معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی وزیر اعظم سے ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات کی وسعت اور فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین معاشی شراکت داری، خطے اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
امیر قطر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
قطر پاکستان میں سالانہ 3 اعشاریہ 75 ملین ٹن ایل این جی ایکسپورٹ کرتا ہے، قطر نےپاکستان میں 2 ویزہ سینٹر قائم کیےہیں۔
حکومت قطر کی طرف پاکستانیوں کیلئے 45 ہزار ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، قطر پاکستان کے ساتھ زراعت، غذا اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون کا خواہاں ہے۔
امیر قطر اس سے قبل 2015میں بھی پاکستان آئے تھے۔