اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سابق صدر آصف علی زرداری کیʼʼ پارک لین کیسʼʼ میں درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر ملزم کو عدالت میں پیش کرنے یا نہ کرنے سے متعلق معاملہ میں نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا تحریری جواب داخل کرادیا ہے،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست ضمانت کی سماعت پر درخواست گزار کا پیش ہونا ضروری نہیں ،عدالت کو اختیار ہے وہ آصف زرداری کو حاضری سے استثنیٰ دے سکتی ہے ، ہفتہ کے روز ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کے ذریعے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ زیر تفتیش ملزم کوعدالت میں پیش کرنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ضرورت ہو گی جس سے عام سائلین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ،اس لئے فاضل عدالت ملزم کی درخواست پر جو مناسب سمجھے میرٹ پر فیصلہ کرے، جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر انہیں گرفتار کیا گیاہے اور متعلقہ ا حتساب عدالت نے ملزم کاپہلے21 جون اورپھر2جولائی تک کا جسمانی ریمانڈمنظورکیا ہے جبکہ عدالت کے حکم پر انہیں طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔