• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک کلومیٹر میں 4 پٹرول پمپ لگانے کی اجازت ہوگی:کمشنر ملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر )کمشنر ملتان ڈویژن عمران سکندر نے کہا ہے کہ اراضی کلیئرنس اور محکمانہ رپورٹس کے بغیر کسی تجارتی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پیٹرول پمپوں کی منظوری سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔ انتظامیہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے مگر شہر کے انفراسٹرکچر اور ٹریفک نظام میں خلل ڈالنے والی کمرشل سرگرمی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،یہ بات انہوں نےنے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔کمشنر ملتان نے کہا کہ تمام بلڈنگ انسپکٹرز سائٹ وزٹ کر کے رپورٹ فائل کے ساتھ لف کریں۔ سائٹ ایریا وزٹ رپورٹ ، نئی فرد اور دیگر لوازمات کے بغیر کنورژن کی اپروول نہیں دی جائے گی۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان کی ہدایت پر بائی لاز میں تصادم کے حوالے سے بنائی گئی سب کمیٹی نے سفارشات بھی جمع کروادیں۔ کمیٹی کے مطابق ماسٹر پلان میں ایک کلومیٹر میں سڑک کی ایک طرف دو پیٹرول پمپ جبکہ دونوں اطراف میں چار پیٹرول پمپ لگانے کی اجازت دی جائے گی۔ لہٰذا ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی نے بھی سب کمیٹی کی سفارشات کو مانتے ہوئے ایک کلومیٹر کی حدود میں سڑک کی ایک طرف دو پیٹرول پمپ لگانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں ایم ڈی اے، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے متعدد کیسز منظور جبکہ نامکمل دستاویزات والے کیسز مسترد کئے گئے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ، ڈی جی ایم ڈی اے تنویر اقبال، سی او میونسپل کارپوریشن اقبال فرید، متعلقہ افسران اور کمیٹی میں موجود سول سوسائٹی کے اراکین بھی شامل تھے۔
تازہ ترین