• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 30ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 309رنز کا ہدف دے دیا۔

لندن کے لارڈز گرائونڈ پر ایونٹ میں اپنی بقا کی جنگ لڑنے کے لئے گرین شرٹس میدان میں اتری، سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم نے حارث سہیل،بابر اعظم کی شاندار نصف سنچریوں اور اوپنرز کی 81رنز کی عمدہ شراکت کے باعث مقررہ 50اوورز میں 7وکٹ پر 308رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 81کے اسکور پر گری،فخر زمان 44رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقا کو دوسری وکٹ بھی عمران طاہر نے ہی لے کر دی، انہوں نے 98کے اسکور پر 44رنز پر کھیل رہے امام الحق کا اپنی ہی گیند پر کیچ لیا۔

تیسری وکٹ پر بابراعظم اور محمد حفیظ نے 45رنز کی شراکت قائم کی،اس موقع پر محمد حفیظ 20رنز بنا کر مارکرم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

چوتھی وکٹ پر بابراعظم اور حارث سہیل نے 81رنز کی ذمہ دارانہ شراکت قائم کی اور دونوں کھلاڑی کافی حد تک سیٹ ہوگئے تھے۔

جنوبی افریقا کو 224کے اسکور پر بابراعظم کی وکٹ مل گئی،انہیں 69رنز پر فیلکوایو نے آئوٹ کیا،انہوں نے اننگز کے دوران 7بار گیند کو بائونڈری کے پار پہنچایا۔

پانچویں وکٹ پر حارث سہیل نے عماد وسیم کے ساتھ مل کر اسکور میں71قیمتی رنز کا اضافہ کیا،295کے اسکور پر 15گیندوں پر 23رنز بنانے والے عماد وسیم آئوٹ ہوگئے۔

گرین شرٹس کے چھٹے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین وہاب ریاض تھے، جو 304کےاسکور پر صرف 4رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

اننگز کے ٹاپ اسکورر حارث سہیل آئوٹ ہونے والے ساتویں اور آخری  بیٹسمین تھے،انہوں نے 59گیندوں پر 89رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،انہوں نے اس دوران 3چھکے اور 9 چوکے لگائے۔

میچ کی حیران کن بات یہ رہی کہ کپتان سرفراز احمد جو ایونٹ میں عموماً پانچویں نمبر پر بیٹنگ پر آتے رہے ہیں،فٹ ہونے کے باوجود انہوں نے پہلے اپنی جگہ عماد وسیم،اس کے بعد وہاب ریاض کو بھیجا۔

کپتان سرفراز احمد میچ میں آٹھویں نمبر پر کھیلنے آئے اور 2گیندوں پر 2رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے، ایونٹ کے دوران دلیرانہ فیصلہ نہ لینے پر کرکٹ مبصرین سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

جنوبی افریقا کی طرف سے لنگی نگیڈی نے 3،عمران طاہر نے 2اور فیلکوایو اور مارکرم نے 1،1وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کا ایونٹ میں چھٹا اور جنوبی افریقا کا ساتواں میچ ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 3،3 ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس 9ویں اور جنوبی افریقا 8ویں پوزیشن پر براجمان ہیں، میچ میں کسی بھی ٹیم کی کامیابی اسے 2 درجے اوپر لے جائے گی۔

تازہ ترین