• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فراڈ میں ملوث کمپنی سے رقوم واپس دلوائی جائیں‘ متاثرین کی پریس کانفرنس

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چائنیز کمپنی گولڈ ٹرانسمٹ کے متاثرین نے میجر ریٹائرڈ محمد اعجاز کی سربراہی میں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میجر (ر) محمد اعجاز نے کہا کہ گولڈ ٹرانسمٹ ایک چائنیز کمپنی ہے جس نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نام پر ہزاروں پاکستانیوں سے اربوں روپے لوٹے اور فرار ہو گئے۔ اس سلسلے میں متعدد بار احتجاج بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ کمپنی ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ہے۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ اس میں ہمارے پاکستانی بھائی سید محفوظ احمد شاہ اور پرویز شریف بھی ملوث تھے جنہوں نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ یہ کمپنی ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ہے۔ اس کمپنی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو ڈیم فنڈ کیلئے 25لاکھ روپے بطور فنڈ بھی دیا اسلئے اس پر کسی قسم کی شک کی گنجائش نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر2018 ء تک اس کمپنی نے ایک بڑی رقم پاکستانیوں سے جمع کی۔ اس حوالے سے ہم نے نیب کو درخواست دی ہے اور اسکے علاوہ چائنیز ایمبیسی میں بھی کمپنی کیخلاف درخواست دے چکے ہیں۔ ہمارا حکومت پاکستان اور اسکے متعلقہ اداروں سے مطالبہ ہے کہ چائنیز فراڈیوں کو گرفتار کر کے غریب پاکستانیوں کو انصاف دلایا جائے۔
تازہ ترین