• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتا ہوں کہ والد کو ’ٹائیگر کا باپ‘ کہہ کرپکارا جائے

90 کی دہائی میں بالی ووڈ کو بہترین فلمیں دینے والے اداکار جیکی شروف کے بیٹے اداکار ٹائیگر شروف کا کہنا ہے کہ انہیں فخر ہے وہ جیکی شروف کے بیٹے ہیں لیکن اُن کی خواہش ہے کہ اُن کے والد کو ’ٹائیگر شروف کا باپ‘ کہہ کر پکارا جائے۔


ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی ووڈ کے تیزی سے اُبھرتے ہوئے اداکار ٹائیگر شروف نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے جب بالی ووڈ میں قدم رکھا تو اُن کے سامنے بہت سے چیلنجز تھےجن کا انہوں نے بخوبی سامنا کیا اور بالی ووڈ میں اپنی محنت سےجگہ بنائی۔

ٹائیگر شروف نے کہا کہ وہ ہمیشہ سےفلم انڈسٹری میں اپنے والد کی موجودگی سے واقف رہے ہیں، وہ بالی ووڈ میں اُن کی اہمیت کو بھی بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے لیے سب سے بڑا چیلنج خود کو والد سے الگ کرنا اور اپنی نئی پہچان بنانا تھا۔

اداکار نے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ وہ جلد اپنے والد کا نام استعمال کیے بغیر بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ ٹائیگر شروف نے کہا کہ انہیں فخر ہے وہ جیکی شروف کے بیٹے ہیں لیکن اس سے زیادہ خوشی انہیں تب ہوگی جب اُن کے والد کو ’ٹائیگر شروف کا باپ‘ کہہ کر پکارا جائےگا۔

29 سالہ اداکار کا مزید کہنا ہے کہ یہ اُن کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے کہ لوگ اُن کے والد (جیکی شروف) کو ’ٹائیگر شروف کا باپ‘ کہہ کر مخاطب کریں کیونکہ خود جیکی شروف کا اپنا نام ہی بالی ووڈ کےکئی بڑے ناموں میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ ٹائیگر شروف اپنی اگلی فلم میں بہترین اداکار اور ڈانسر ہرتیک روشن کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔ ٹائیگر شروف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہرتیک روشن ان کے آئیڈیل اداکار ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کی ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اُن کے چیلنجز میں ایک ہرتیک روشن کے ساتھ کام کرنا بھی شامل تھا۔

چند روز قبل ایک انٹرویو میں ٹائیگر شروف نے کہاتھا کہ وہ خود کو ’غریبوں کا ہریتک روشن‘ سمجھتے ہیں۔ ان کا اور ہریتک کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔

تازہ ترین