کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے شریک ملزم اعجاز علی جکھرانی کی زر ضمانت واپس کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بنچ کے روبرو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے شریک ملزم اعجاز علی جکھرانی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ اعجاز علی جکھرانی اسلام آباد نیب عدالت میں سرنڈر کرچکے۔ اعجاز علی جکھرانی نے سرنڈر سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں جمع زر ضمانت واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے اعجاز علی جکھرانی کی زر ضمانت واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ وکیل صفائی کے مطابق اعجاز علی جکھرانی نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت منظور کرائی تھی۔ نیب کے مطابق اعجاز علی جکھرانی پر غیر قانونی اثاثے بنانے، اختیارات کا ناجائز استعمال کا بھی الزام ہے۔ اعجاز علی جکھرانی جعلی بینک اکائوئنٹس کیس میں بھی نیب کو مطلوب تھے۔