• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے افغانستان میں نیٹو اورامریکی فورسز کی ہرممکن مدد کی ہے، شاہ محمود

برسلز (حافظ اُنیب راشد) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں سہ رکنی اتحاد ’’ایساف‘‘ کے تحت نیٹو اور امریکی فورسز کی ہر ممکن مدد کی ہے ۔پاکستان اور نیٹو کے افغان امن عمل کے حوالے سے مؤقف میں کافی یکسانیت ہے کیونکہ دونوں افغانستان کے مسئلے کو افغان قیادت سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےبرسلز میں مغربی ملکوں کے دفاعی اتحاد ʼنیٹو کے ہیڈکوارٹر میں جنرل سیکرٹری ’’نیٹو‘‘ سٹولٹن برگ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں پاکستان اور نیٹو کے مابین دو طرفہ تعاون، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود نے مزید کہا کہ پاکستان اور نیٹو کے مابین 2010 سے لے کرآج تک دو طرفہ سیکورٹی تعاون کے حوالے سے مذاکرات کے آٹھ ادوارِ ہو چکے ہیں۔ نیٹو نے بھی مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔2005 میں آنیوالے شدید ترین زلزلے میں، نیٹو نے امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔2010 میں ،جب پاکستان میں سیلاب نے شدید تباہی پھیلائی اس وقت بھی ’’نیٹو‘‘ اراکین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سیکٹری جنرل نیٹو نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ ’’نیٹو‘‘ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے تعاون اور مثبت کردار کا معترف ہے۔ سیکریٹری جنرل نیٹو نے مزید کہا کہ ’’نیٹو‘‘ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

تازہ ترین